حیدرآباد، 12/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نامور تیز گیندباز محمد سراج نے جمعہ کے روز تلنگانہ پولیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کا عہدہ سنبھال لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، تلنگانہ پولیس نے اس بارے میں اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی تھی، جسے بعد میں ہٹا دیا گیا۔ محمد سراج نے عہدہ سنبھالنے کے بعد تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔
قابل ذکر ہے کہ ٹی-20 عالمی کپ 2024 میں ہندوستانی ٹیم کی فتح کے بعد محمد سراج کو ملازمت دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے سراج کو تلنگانہ پولیس میں ڈی ایس پی کا عہدہ سونپا گیا ہے۔ انھوں نے اپنے عہدہ کی ذمہ داری 11 اکتوبر کو سنبھال بھی لی ہے۔ ویسے اس ذمہ داری کو سنبھالنے کے بعد ان کے کرکٹ کیریئر پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ سراج بلا رکاوٹ ہندوستانی ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔
محمد سراج کو ملازمت کے ساتھ ساتھ زمین دینے کا وعدہ بھی حکومت کی طرف سے کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انھیں حیدر آباد میں گھر بنانے کے لیے زمین بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی گھر کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو جائے گا۔ چونکہ سراج ایک غریب کنبہ سے تعلق رکھتے تھے اور انتہائی جدوجہد کے بعد ہندوستانی ٹیم میں اپنی جگہ بنائی ہے، اس لیے اب انھیں محنت کا ثمرہ ملنا بھی شروع ہو چکا ہے۔ وہ گزشتہ کچھ سالوں میں ہندوستانی ٹیم کا اہم حصہ بن گئے ہیں اور کئی مرتبہ مشکل حالات میں ہندوستانی ٹیم کو اپنی کارکردگی سے کامیابی دلائی ہے۔